حیدرآباد کی ترقی اور ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کی اہمیت سے واقف کرایا، وفاقی نظام میں مرکز اور ریاست میں احترام کا رشتہ ضروری
حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کی معاشی مشاورتی کونسل کے صدر نشین ایس مہیندرا دیو نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے مرکزی اور ریاستی حکومت کے درمیان رفاقی نظام پر باہمی احترام کے رویہ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ریاستوں کی ترقی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ چیف منسٹر نے مہیندرا دیو کو تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے سابق حکومت کی جانب سے حاصل کردہ بھاری قرض کے نتیجہ میں ریاستی حکومت پر سود کے اضافی بوجھ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے لئے قرض کی ادائیگی ایک اہم اور دشوار کن مرحلہ ہے جس کے نتیجہ میں ریاست کی ترقی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے اڈوائزری کونسل کے صدر نشین کو بتایا کہ ریاست کی آمدنی کا تمام تر حصہ قرض کی ادائیگی پر صرف ہو رہا ہے اور حکومت سرکاری خزانہ پر سود کے بوجھ میں کمی کے اقدامات کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ حکومت نے تمام شہری علاقوں میں بہتر انفرااسٹرکچر کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ حیدرآباد کی ہمہ جہتی ترقی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں ٹریننگ کے ذریعہ روزگار کے اضافی مواقع فراہم کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ حکومت صنعتی ترقی کا جامع منصوبہ رکھتی ہے۔ ملاقات کے دوران سرویس سیکٹر کی کارکردگی پر بھی بات چیت کی گئی۔ 1
چیف منسٹر نے حیدرآباد کے اطراف ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر اور رنگ روڈ کو مربوط کرنے کے لئے ریڈیل روڈس کی تعمیر کی ضرورت سے مہیندرا دیو کو واقف کرایا۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطان بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم کی معاشی اڈوائزری کونسل کے صدر نشین نے چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ تفصیلات کی بغور سماعت کی۔ 1