کولکاتہ 11 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی آج دو روزہ دورہ پر کولکتہ پہونچے جبکہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ائرپورٹ کے باہر احتجاج کیا جا رہا تھا ۔ گورنر جگدیپ دھنکر ‘ ریاستی وزیر بلدی امور فرہاد حکیم ‘ مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلپ گھوش اور دوسرے سینئر بی جے پی لیڈرس نے ائرپورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال کیا ۔ نریندر مودی ہفتہ اور اتوار کو کولکتہ میں رہیں گے اور امکان ہے کہ وہ کولکتہ پورٹ ٹرسٹ کی 150 سالہ تقاریب میں شرکت کرینگے ۔ اس کے علاوہ دوسرے پروگرامس میں بھی شرکت کرینگے ۔ ائرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر نریندر مودی رائل کلکتہ ٹرف کلب گئے اور وہاں سے راج بھون کیلئے روانہ ہوگئے ۔ امکان ہے کہ اس موقع پر وزیر اعظم چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی سے بھی ملاقات کریں گے ۔ نریندر مودی کی آمدکے موقع پر ائرپورٹ کے باہر سخت ترین سکیوریٹی کے باوجود سینکڑوں افراد نے پہونچ کر شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کیا ۔ ریاست کے دوسرے حصوں میں بھی وزیر اعظم کے دورہ کے خلاف مظاہرے کئے گئے ۔