وزیر اعظم کے دورہ وشاکھاپٹنم اور تلنگانہ کو قطعیت

   

حیدرآباد۔/8 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کے 11نومبر کو دورہ وشاکھاپٹنم کے شیڈول کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ وزیر اعظم دو روزہ دورہ کے حصہ کے طور پر ٹاملناڈو سے 11 نومبر کی شام 7:25 بجے خصوصی طیارہ سے وشاکھاپٹنم پہنچیں گے۔ ایر پورٹ پر روایتی استقبال کے بعد 7:30 بجے سڑک کے راستہ رات 8 بجے بحریہ کے گیسٹ ہاوز پہنچیں گے جہاں ان کا قیام رہے گا۔ 12 نومبر کی صبح 10:10 بجے وزیر اعظم سڑک کے راستہ آندھرا یونیورسٹی گراؤنڈ میں مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ وہ 11:45 بجے تک پروگرام میں شرکت کے بعد مختلف پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم 10842 کروڑ مالیتی پراجکٹس کا آغاز کریں گے۔ بعض پراجکٹس کو قوم کے نام معنون کرنے کے بعد وزیر اعظم جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم دوپہر 12 بجے خصوصی طیارہ سے حیدرآباد کیلئے روانہ ہوں گے اور دوپہر 1:10 بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے۔ وزیر اعظم خصوصی ہیلی کاپٹر سے راما گنڈم روانہ ہوں گے جہاں راما گنڈم فرٹیلائزرس اینڈ کیمیکلس لمیٹیڈ کو قوم کے نام معنون کریں گے اور مہاتما گاندھی اسٹیڈیم پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی کی جانب سے جلسہ عام کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ر