حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن نے وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر چیف منسٹر کے سی آر کی غیر حاضری پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے مرکزی حکومت کے سرکاری پروگراموں کا بائیکاٹ کیا ہے لہذا تلنگانہ کے عوام نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔ ڈاکٹر لکشمن جو بی جے پی کے او بی سی مورچہ کے صدر ہیں کہا کہ نظریاتی اختلاف کے باوجود چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی، چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن اور چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں وزیر اعظم کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا تھا۔ وزیر اعظم نے جب ان راستوں کا دورہ کیا تو چیف منسٹرس بھی شریک ہوئے۔ ڈاکٹر لکشمن نے سوال کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ترقیاتی کاموں میں اسٹیج شیئر کرنے سے کے سی آر خوفزدہ کیوں ہیں۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی ڈبل انجن سرکار تشکیل پائے گی۔ بی جے پی اور مرکزی حکومت کے خلاف بی آر ایس کے الزامات کو عوام قبول نہیں کریں گے۔ر