نئی دہلی: اروند کیجریوال نے اگلے ایک سال میں 1950 نئی بسیں خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے دارالحکومت دہلی کے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو آرام دہ اور عالمی معیار کا بنانے کا عزم کیا۔ کابینہ کی میٹنگ میں کئی بڑے اور اہم فیصلے لیے گئے، جس کے بعد سی ایم اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا سی ایم اروند کیجریوال نے کہا کہ آج ہماری کابینہ کی میٹنگ ہوئی جس میں 1950 بسیں خریدنے کی منظوری دی گئی۔ یہ بسیں اگست سے ستمبر تک پہنچنا شروع ہو جائیں گی اور یہ تمام بسیں اگلے سال ستمبر تک پہنچ جائیں گی۔ اس کے علاوہ دہلی میں اس وقت 7200 بسیں ہیں۔ آج تک دہلی کی تاریخ میں اتنی بسیں کبھی نہیں آئیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 4800 مزید بسوں کے نئے ٹینڈر دیئے جا رہے ہیں۔ لیکن ساتھ ہی اگلے دو تین سالوں میں کچھ بسوں کی زندگی ختم ہو جائے گی اور انہیں تبدیل کرنا پڑے گا۔ دسمبر 2024 تک دہلی کی سڑکوں پر ہمارے پاس 11910 بسیں ہوں گی۔ دہلی کو اتنی ہی بسوں کی ضرورت ہے۔ اب ہمارا مقصد ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بین الاقوامی معیار کا بنانا ہے۔