وزیر اعلیٰ کی مذاکرات کی دعوت پر ڈاکٹر وں کی جنرل باڈی کی میٹنگ جاری

   

Ferty9 Clinic

کلکتہ17 جون (سیاست ڈاٹ کام)احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کوریاستی حکومت کی طرف سے مذاکرات کی دعوت ملنے کے بعد جنرل باڈی اس بات پر غور کررہی ہے کہ ریاستی سیکریٹریٹ نوبنو میں میٹنگ میں شرکت کی جائے یا نہیں۔ قبل ازیں احتجاج میں شامل ڈاکٹروں نے ریاستی سیکریٹریٹ میں میٹنگ میں شامل ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کو این آر ایس کالج کا دورہ کرنا ہوگااور اپنے بیان پر معافی مانگنی ہوگی۔ بعد میں احتجاج میں شامل ڈاکٹروں نے ریاستی سیکریٹریٹ جاکر میٹنگ میں شرکت کرنے کی مشروط رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ میٹنگ کے دوران میڈیا کو موجود رکھا جائے مگر ریاستی حکومت کی جانب سے جودعوت ملی ہے اس میں صاف صاف کہا گیا ہے کہ میٹنگ کے دوران میڈیا اہلکار موجود نہیں رہیں گے تاہم میٹنگ کی ریکارڈنگ کی جائے اور میٹنگ کی پوری رواداد کو قلم بند کیا جائے ۔ خیال رہے کہ این آر ایس کالج واسپتال میں گزشتہ ہفتہ ایک مریض کی موت کے بعدناراض لوگوں نے اسپتال میں جم کر توڑ پھوڑ کرتے ہوئے جونیئر ڈاکٹر وں کے ساتھ مارپیٹ کی تھی اور اس واقعہ میں ا یک انٹرن ڈاکٹر کو شدید چوٹ پہنچی تھی۔اس کے بعد سے ہی ریاست بھر کے سرکاری اسپتال کے جونیئر ڈاکٹر ہڑتال پر ہیں اور انہیں ملک گیرڈاکٹروں کی تنظیم کی جانب سے حمایت مل رہی ہے ۔گزشتہ سات دنوں سے میڈیکل سروس ٹھپ ہونے کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کا برا حال ہے۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے بنگال کے ڈاکٹروں کی حمایت میں ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی جن کے پاس محکمہ صحت کا بھی ہے ، نے گزشتہ دنوں ہی احتجاج کررہے ڈاکٹروں کے تمام مطالبات کو تسلیم کرنے کا اعلان کردیا تھا جس میں سرکاری اسپتالوں میں سیکورٹی سخت، مسلح پولس اہلکاروں کی جوابدہی تعین کرنے اور ڈاکٹروں کے ساتھ بدسلوکی کرنے والوں کے خلاف غیر ضمانتی دفعات کے تحت کارروائی کرنے سمیت دیگر مطالبات شامل ہے ۔