وزیر اعلیٰ کے اقدامات سے تمام طبقات کے چہروں پر مسکراہٹ

   

کسانوں کے قرضوں کی معافی کے اعلان پر مسرت، صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی محبوب نگر

محبوب نگر ۔ 4 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے اقدامات اور اعلانات کے ذریعہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ریاست کے تمام طبقات کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھنا چاہتے ہیں اور عملی اقدامات کے معاملے میں سب سے آگے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عبدالرحمن مزمل صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی محبوب نگر نے کیا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کسانوں کے قرض کے معافی کے اعلان پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عبدالرحمن کی قیادت میں چیف منسٹر کے سی آر اور ریاستی وزیر ڈاکٹر وی سرینواس گوڑ کی تصویروں کو دودھ سے نہلایا گیا۔ عبدالرحمن نے مزید کہا کہ 2014 سے 2018 تک جن کسانوں نے ایک لاکھ یا اس سے کم قرض لیا تھا۔ ان سب کسانوں کے قرض کو معاف کرتے ہوئے 19 ہزار کروڑ قرض معاف کیا ہے جو تاریخی فیصلہ ہے۔ آج ریاست کے تمام کسانوں کے چہروں پر خوشی اور مسکراہٹ دیکھی جارہی ہے۔ کسانوں کی فلاح اور خوشحالی کے لئے چیف منسٹر نے اس سے قبل بھی کئی ایک فیصلے کئے ہیں جیسے ریتو بندھو، مفت برقی سربراہی، بروقت تخم اور کھاد کی سربراہی وغیرہ جس سے کسانوں کی زندگی میں ایک نئی روشنی آئی ہے۔ ریاست میں زرعی پیداوار میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر کسانوں میں شیرینی تقسیم کی گئی اور جشن منایا گیا۔ آتشبازی کی گئی۔ پروگرام میں نائب صدر نشین گریدھر ریڈی، ڈائرکٹر کمیٹی نریندر، سائیلو، ڈی کرشنیا کے علاوہ بی آر ایس قائدین اور کارکنان موجود تھے۔