پداپلی میں تعمیراتی کاموںکا سنگ بنیاد، ریاستی وزیر کے ایشور کا خطاب
پداپلی۔18۔نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ریاستی وزیر برائے محکمہ بہبود کپولا ایشور نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کو اوّلین ترجیح دینے والی واحد ریاست تلنگانہ ہی ہے۔ دھرمارم منڈل کے چند مواضعات کا ریاستی وزیر بہبود نے دورہ کیا۔ ملّاپور موضع میں 25لاکھ کے مصارف سے تعمیر کئے جانے والے پرائمری کوآپریٹو سوسائٹی کے نئے گودام کے تعمیراتی کام کا وزیر موصوف نے سنگ بنیاد رکھا۔ بعد ازاں ایس سی کارپوریشن کے ذریعہ مفت سلائی مشین کی تربیت حاصل کرنے والے 68 مستحقین میں مفت سلائی مشینیں تقسیم کیں۔بعد ازاں وزیرموصوف نے پتّی پاکاموضع کا دورہ کیا اوراس موضع میں تعمیر کردہ سی سی روڈ کے کاموں کا آغاز کرنے کے بعد ایس سی کالونی میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔پتّی پاکا موضع میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیربہبود نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر ملک کو مثالی فلاحی نظام فراہم کر رہے ہیں۔ آسرا پنشن، کلیانہ لکشمی، شادی مبارک، رعیتوبندھو، رعیتوبیما، دلت بندھو، کے سی آر کٹ اور 24 گھنٹے مفت بجلی فراہم کرنے والی واحد ریاست تلنگانہ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پلّے پرگتی پروگرام کے ذریعہ مواضعات کو ترقی دی گئی ہے، وزیراعلیٰ کے سی آر کے لائحہ عمل کے مطابق مواضعات میں ہریالی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مزید 3 ماہ میں دلت بندھواسکیم کی ایک اور قسط کو نافذ کیا جائیگا۔اس پروگرام میں دھرمارم تحصیلدار، ایم پی ڈی او، عوامی نمائندے، متعلقہ عہدیداران و دیگر نے شرکت کی۔