اقامتی اسکولوں کی تعمیر میں مرکز سے تعاون کی اپیل، تلنگانہ حکومت نے 200 کروڑ مختص کئے
حیدرآباد ۔ 27۔ جون (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار نے مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ سماجی انصاف رام داس اتھوالے سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں اقامتی اسکولوں کی تعمیر میں مرکز سے تعاون کی اپیل کی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے حکومت نے ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس کا پراجکٹ شروع کیا ہے ۔ ہر اسمبلی حلقہ میںاقامتی اسکول قائم کئے جائیں گے جو بنیادی اور عصری سہولتوں سے آراستہ رہیں گے۔ تلنگانہ حکومت نے 55 اقامتی اسکول کامپلکسوں کی تعمیر کیلئے 200 کروڑ کی منظوری دی ہے۔ حکومت نے اقامتی اسکولوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کے پراجکٹ میں مرکز سے تعاون کی اپیل کی گئی۔ رام داس اتھوالے نے پراجکٹ کا جائزہ لینے اور مناسب فیصلہ کرنے کا تیقن دیا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے مرکزی وزیر کو تلنگانہ میں عمل کی جارہی مختلف اسکیمات کی تفصیلات پیش کی جن میں ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات کی بھلائی کی اسکیمات شامل ہیں ۔1