وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر کا دورہ امریکہ کامیاب

,

   

ایک ہفتہ میں 35 بزنس میٹنگس میں شرکت، تلنگانہ کیلئے 7500 کروڑ کی سرمایہ کاری

حیدرآباد۔29۔ مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و صنعت کے ٹی آر کا دورہ امریکہ کامیاب رہا ہے جہاں انہوں نے دنیا کی مشہور آئی ٹی و فارما کمپنیوں کے سربراہوں اور سی ای اوز کے ساتھ 35 اجلاس منعقد کئے اور تلنگانہ میں 7500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کو یقینی بنایا۔کے ٹی راما راؤ ریاست میں سرمایہ داروں کو راغب کرنے کیلئے اعلیٰ عہدیداروں کے ایک وفد کے ساتھ ایک ہفتہ کے دورہ پر امریکہ روانہ ہوئے تھے ، جہاں مختلف کمپنیوں کے سربراہوں اور سی ای اوز سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تلنگانہ حکومت کی صنعتی پالیسی اور ریاست میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے واقف کرایا ۔ حکومت کی رعایتیں اور حوصلہ افزائی پر تفصیلی روشنی ڈالی ، جس پر کوالکم اور اڈوینٹ انٹرنیشنل کے علاوہ دوسری مشہور کمپنیوں نے تلنگانہ میں 7500 کروڑ روپئے سرمایہ کاری کرنے سے اتفاق کیا ۔ کے ٹی آر نے اپنے ایک ہفتہ طویل پروگرام کے دوران مختلف کمپنیوں کے علاوہ این آر آئیز کے ساتھ بھی مسلسل اجلاس منعقد کئے ۔ اس طرح تقریباً 35 بزنس میٹنگس میں شرکت کی۔ کے ٹی آر نے این آر آ ئیز کے اجلاس میں سرکاری اسکولس کو ترقی دینے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے شروع کردہ پروگرام ’’ہمارا گاؤں ہمارا اسکول‘’ میں تمام این آر آئیز کو حصہ دار بننے اور تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ کئی این آر آئیز نے اس پروگرام کا حصہ بننے کا کے ٹی آر کو یقین دلایا ۔ امریکہ کو ہیڈکوارٹر بناکر کام کرنے والی سافٹ ویر ویریس ٹکنالوجی کے علاوہ مزید دو عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں نے حیدرآباد میں اپنے مراکز قائم کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ اسی سے 3905 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہوگی۔ نیویارک کو ہیڈکوارٹر بناکر کام کرنے والی اڈوینٹ انٹرنیشنل کمپنی نے ریاست کے فارما شعبہ میں 1750 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ۔ فیش ان ادارہ نے 1000 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے سے اتفاق کیا ۔ اپنے ایک ہفتہ کے دورہ امریکہ کی کامیابی پر کے ٹی آر نے مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اپنی خوشی ٹوئیٹر کے ذریعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ 35 بزنس میٹنگس کے انعقاد سے ریاست کو 7500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری حاصل ہورہی ہے ۔ دورہ کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کرنے والے این آر آئیز سے اظہار تشکر کیا ۔ ن