آکلینڈ۔ 2نومبر (سید مجیب کی رپورٹ) نیوزی لینڈ میں ہندوستانی برادری وزیرتجارت و صنعت پیوش گوئل کا استقبال کرنے کو تیار ہے۔ نیوزی لینڈ میں ہندوستان کی ہائی کمشنر محترمہ نیتا بھوشن نے آکلینڈ میں ایک خصوصی کمیونٹی تقریب میں شرکت کیلئے ہندوستانی تارکین وطن کو دعوت دی ہے جو 5 نومبر کو مہاتما گاندھی سنٹر، نیونارتھ ایڈن ٹیرس، آکلینڈ میں شام 6 بجے ہوگی۔ مسٹر گوئل اس دورہ سے تجارت سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے روابط کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
بنگلہ دیش میں حسینہ واجد حکومت کے زوال کے بعد بھی تشدد جاری
ڈھاکہ ۔ 2 نومبر (ایجنسیز) بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کی تنظیم نے کہا ہے کہ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمہ کے بعد سے سیاسی تشدد میں 300 کے قریب افراد مارے جا چکے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی آمرانہ حکومت نے طلبہ نے ایک پْرتشدد تحریک کے ذریعے ہٹا دیا تھا تاہم ایک سال گزرنے کے بعد بھی سیاسی احتجاج میں تشدد کا عنصر موجود ہے جس میں عام شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کی انسانی حقوق کی تنظیم اودھیکر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست 2024 میں حسینہ واجد کے ہندوستان بھاگ جانے کے بعد سے رواں سال ستمبر کے اختتام تک سیاسی جماعتوں کے درمیان تشدد کے واقعات میں کم از کم 281 افراد کی موت ہوئی۔گزشتہ ہفتے جاری ہونے والی سہ ماہی رپورٹ میں تنظیم نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ ماورائے عدالت 40 مشتبہ ملزمان کو قتل کیا گیا جبکہ مزید 153 افراد بھی قتل کردیئے گئے۔
اودھیکر کے ڈائریکٹر ناصرالدین ایلان نے کہا کہ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد انسانی حقوق کی پاسداری میں بہتری آئی ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اب بھی جوابدہ نہیں ٹھہرایا جا رہا۔