وزیر تعلیم جگدیش ریڈی سے فی الفور استعفیٰ کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

انٹرمیڈیٹ کے لاکھوں طلباء کے مستقبل کو تاریک ہونے سے روکنا ضروری
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے انٹر میڈیٹ امتحانی نتائج معاملہ کی مکمل عدالتی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن پولیٹ بیورو و سابق ایم پی مسٹر آر چندر شیکھر ریڈی نے بتایا کہ انٹر میڈیٹ امتحانی نتائج میں مبینہ بے قاعدگیوں و دھاندلیوں کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزیر تعلیم مسٹر جگدیش ریڈی کو فی الفور مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ علاوہ ازیں نتائج کی اجرائی کے بعد اپنی ناکامیوں سے دل برداشتہ ہو کر خود کشی کرلینے والی طالبات و طلباء کے افراد خاندان کو ہر ایک مہلوک کے لیے کم از کم 25 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے حکومت اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بورڈ کی ناقص کارکردگی اور بعض نا اہل عہدیداروں کی وجہ سے لاکھوں طلباء وطالبات کا درخشاں مستقبل تاریک ہوتا دکھائی دے رہا ہے لیکن طلباء وطالبات کے مستقبل کو تاریک ہونے سے روکنے کے لیے فی الفور موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کسی فیس کی وصولی کے بغیر ناکام طلباء وطالبات کے امتحانی پرچوں کی دوبارہ جانچ کروانے کے اقدامات کئے جانے چاہئے کیوں کہ غریب ناکام طلباء وطالبات دوبارہ امتحانی فیس ادا کرنے کے موقف میں نہیں رہتے ہیں اور اس صورت میں امتحانی فیس ادا کرنے کے بجائے دوبارہ پرچوں کی جانچ کے لیے فیس ادا نہیں کرپائیں گے ۔ لہذا سپلیمنٹری امتحانی فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ گزرنے سے قبل ہی ناکام طلباء و طالبات کے پرچوں کی دوبارہ جانچ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر آر چندر شیکھر ریڈی نے تلنگانہ کانگریس مقننہ پارٹی کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں ضم کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کوششوں کو غیر جمہوری اقدام سے تعبیر کیا اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی طرز کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس و تلگو دیشم پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دینے کے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔