وزیر تعلیم نے انٹر فرسٹ ایر امتحانات کی تیاریوں کا جائزہ لیا

   

امتحانات کے وقت خانگی جونیر کالجس کے انتظامیہ کے رویہ پر سبیتا اندرا ریڈی نے برہمی کا اظہار کیا
حیدرآباد۔/21 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے انٹر فرسٹ ایر کے امتحانات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ امتحانات کے وقت خانگی جونیر کالجس کے انتظامیہ کے رویہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیرتعلیم نے اضلاع انٹر تعلیمی عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا بھی اہتمام کیا۔ اس اجلاس میں سکریٹری محکمہ تعلیم سندیپ کمار سلطانیہ، کمشنر بورڈ آف انٹر میڈیٹ سید عمر جلیل کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ امتحانات کے دوران کئے جانے والے احتیاطی اقدامات بالخصوص کوویڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنے امتحانی مراکز میں ایک یا دو آئسولیشن رومس تیار رکھنے کی ہدایت دی۔ 25 اکٹوبر تا 2 نومبر انٹر فرسٹ ایر کے امتحانات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ 4 لاکھ سے زائد طلبہ امتحانات میں شریک ہورہے ہیں۔ گزشتہ سال 1400 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے ۔ کورونا وباء کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کو ملحوظ رکھتے ہوئے اس مرتبہ امتحانی مراکز کی تعداد بڑھا کر 1750 کردی گئی ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم نے کہا کہ کورونا بحران کے پیش نظر اس سال انٹر فرسٹ ایر کے طلبہ کو امتحانات کے بغیر سیکنڈ ایر میں پروموٹ کردیا گیا تھا اسی وقت ہی کہہ دیا گیا تھا کہ حالات ساز گار ہونے پر انٹر فرسٹ ایر کے امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ریاست میں کورونا پوری طرح کنٹرول میں ہے۔ تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لائی گئی ہے اور فزیکل کلاسیس جاری ہیں جس کی وجہ سے انٹر فرسٹ ایر کے امتحانات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو ایک گھنٹہ قبل امتحان ہال میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے امتحان کے انعقاد کے معاملے میں خانگی جونیر کالجس انتظامیہ کے رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امتحانات کے وقت مسائل پیدا نہ کرنے اور امتحانات کے انعقاد میں تعاون کرنے پر زور دیا۔ ن