مشتبہ مریضوں سے راست بات چیت، بہتر انتظامات کے لیے کلکٹر کو ہدایت
حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے آج سوریہ پیٹ میں کورونا کے مشتبہ افراد کے لیے قائم کردہ آئیسولیشن سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں موجود افراد سے شخصی طور پر بات چیت کرتے ہوئے معلومات حاصل کیں۔ جگدیش ریڈی نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ آئیسولیشن سنٹر کا دورہ کیا اور ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا۔ انہوں نے آئیسولیشن میں موجود افراد کو ہمت دلائی کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں۔ بہت جلد وہ صحتیاب ہوکر ڈسچارج ہوجائیں گے۔ انہوں نے آئیسولیشن سنٹر میں موجود افراد کی کونسلنگ کی اور وائرس سے بچائو کے احتیاطی تدابیر سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قوت ارادی کے ذریعہ وائرس کو شکست دے سکتے ہیں۔ ہر ایک کو چاہئے کہ وہ بلند حوصلے کے ساتھ رہے اور اپنی ہمت پست نہ کرے۔ حکومت ہر طرح سے طبی سہولتیں فراہم کرے گی۔ آئیسولیشن سنٹر میں علاج مفت رہے گا لہٰذا عوام کو فکرمند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ تمام طبی احتیاطی تدابیر کے ساتھ جگدیش ریڈی آئیسولیشن سنٹر میں داخل ہوئے اور وہاں موجود افراد سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے عہدیداروں کو حیرت میں ڈال دیا۔ آئیسولیشن میں موجود افراد بھی وزیر کے جذبے سے کافی متاثر ہوئے۔ جگدیش ریڈی نے روز مرہ کی زندگی میں صحت سے متعلق تبدیلیوں پر فوری ڈاکٹرس کو اطلاع دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ضلع کلکٹر ونئے کرشنا ریڈی کو ہدایت دی کہ آئیسولیشن سنٹر میں تمام ضروری سہولتوں اور اشیاء کا انتظام کریں۔ وزیر برقی نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے متحدہ ضلع نلگنڈہ میں لاک ڈائون پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی۔ ریاستی وزیر نے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام کو ضروری اجناس کی دستیابی کو یقینی بنائیں ۔