ماسکو 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ ایس جئے شنکر منگل کے دن دو روزہ دورے پر روس پہونچ گئے جس کے دوران وہ روس کے وزیر خارجہ سرجی لاؤروف سے تبادلہ خیال کریں گے اور وزیراعظم نریندر مودی کے آئندہ دورہ روس کی تفصیلات کو قطعیت دیں گے۔ جئے شنکر کا بحیثیت وزیر خارجہ ہند اولین دورۂ روس ہے۔ اُن کا یہ دورہ 20 ویں سالانہ باہمی چوٹی کانفرنس کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ سے قبل ہورہا ہے۔ وہ نائب وزیراعظم یوری گوریموف سے بھی ملاقات کریں گے اور والڈائی مباحثہ کلب کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کریں گے۔ وہ بوڈاپیسٹ سے ماسکو پہونچے ہیں جہاں اُنھوں نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور تعاون میں اضافہ پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ امکان ہے کہ وہ روس کی قیادت کے ساتھ خود مختاری کے اُصولوں، علاقائی یکجہتی اور تیسرے فریقین کی عدم مداخلت کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
