دوشنبے؍ اسلام آباد : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر پیر کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے۔ ہوائی اڈے پر تاجکستان کے نائب وزیر خارجہ حسین زادہ مظفر، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر و دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ (آج) منگل کو دوشنبے میں منعقدہ ’’ہارٹ آف ایشیا – استنبول پراسیس‘‘ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ شاہ محمود قریشی تاجک ہم منصب سراج الدین مہرالدین و تاجک اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوشنبے میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو کے مابین ملاقات ہوئی۔ بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے قیام نے دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹرٹیجک شراکت داری میں تبدیل کر دیا ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے نویں ہارٹ آف ایشیا۔استنبول پراسس کانفرنس’’کے انعقاد کو افغانستان میں قیام امن کے لیے خوش آئند قرار دیا۔