وزیر خارجہ جئے شنکر کی امریکی اسپیکر نینسی پیلوسی سے ملاقات

,

   

میونخ 15 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے آج کہا کہ امریکی ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی ہمیشہ ہی ہند۔ امریکہ تعلقات کی حمایت کرتی رہی ہیں اور ان کی یہ حمایت ان تعلقات کے استحکام کیلئے ایک اہم ذریعہ بھی ہے ۔ ڈاکٹر جئے شنکر نے میونخ سکیوریٹی کانفرنس کے موقع پر نینسی پیلوسی سے یہاںملاقات کی اور ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر جئے شنکر جمعہ کو یہاں باوقار سکیوریٹی کانفرنس میںشرکت کیلئے پہونچے تھے اور امکان ہے کہ اس موقع پر وہ عالمی تشویش کے حامل کئی مسائل پر ہندوستان کے موقف کا اظہار کرینگے ۔ ڈاکٹر جئے شنکر نے نینسی پیلوسی سے ملاقات کے بعد ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ہاوز کی اسپیکر پیلوسی سے ملاقات بہت خوشی کی بات ہے اور ہندوستان و امریکہ کے تعلقات کیلئے ان کی مستقل مدد ہمیشہ ہی استحکام کا ایک اہم ذریعہ رہی ہیں۔ ڈاکٹر جئے شنکر نے کل جمعہ کو امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ کیلی نائیٹ کرافٹ سے بھی ملاقات کی تھی ۔ میونخ سکیوریٹی کانفرنس کا 14 تا 16 فبروری انعقاد عمل میں آ رہا ہے اور یہ دنیا کا سب سے بڑا فورم ہے جس میں بین الاقوامی سکیوریٹی پالیسی پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور امریکہ کی خاتون اول میلانیہ ٹرمپ 24 اور 25 فبروری کو ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں اور یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر کیا جا رہا ہے ۔ ٹرمپ نئی دہلی کے علاوہ احمد آباد کا بھی دورہ کرینگے اور ایک نئے اسٹیڈیم میں مودی کے ساتھ ایک مشترکہ جلسہ سے خطاب بھی کرینگے ۔ ٹرمپ کا یہ اولین دورہ ہندوستان ہوگا اور وہ اس موقع پر نئی دہلی میں 25 فبروری کو ملک کے اعلی کاروباری قائدین سے ملاقات بھی کرینگے ۔ اس ملاقات کا مقصد دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے ۔ ڈاکٹر جئے شنکر نے میونخ میں سکیوریٹی کانفرنس کے موقع پر کئی عالمی قائدین سے ملاقات کی ہے جن میں جرمنی کے صدر فرینک والٹر اور وزیر خارجہ آرمینیا زہراب نٹساکنیان بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر جئے شنکر نے کل میونخ میں اپنی آمدک ے بعد وزیر خارجہ جارجیا اور پرتگال کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی تھی ۔