دونو ں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کا عزم
نئی دہلی :وزیر خارجہ جئے شنکر نے ہفتے کو مالدیپ کے صدر معیزو سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم پر زور دیا۔ڈاکٹر جے شنکر نے مالدیپ کے وزیر دفاع غسان مامون، اقتصادی ترقی اور تجارت کے وزیر محمد سعید اور وزیر خزانہ محمد شفیق سے بھی بات چیت کی۔ مالدیپ کے وزیر خارجہ موسی ضمیر نے آج کی میٹنگ کے دوران ہندوستان کی مدد سے چھ ‘ہائی امپیکٹ کمیونٹی ڈیولپمنٹ پراجکٹس (ایچ آئی سی ڈی پی) کا افتتاح کیا اور مفاہمت ناموں پر دستخط کیے۔وزیر خارجہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے مل کر فخر محسوس ہوا اور وزیر اعظم نریندر مودی کی نیک تمناؤں پہنچائیں۔ اپنے لوگوں اور خطے کے فائدے کے لیے ہندوستان اور مالدیپ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے دونوں ممالک پرعزم ہیں۔جئے شنکر تین روزہ سرکاری دورہ پر مالدیپ میں ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط و مستحکم کیا جاسکے۔