مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو لوک سبھا میں جموں وکشمیر ریزرویشن بل پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے سب سے پہلے ایوان میں جموں وکشمیر میں صدر راج کی مدت میں توسیع کئے جانے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2018 میں جموں وکشمیر میں صدر راج نافذ ہوا تھا جو 2 جولائی 2019 کو پورا ہو رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے ایوان سے درخواست کی کہ اس مدت میں چھ ماہ کے لئے اور توسیع کی جائے۔
امت شاہ نے ایوان کو بتایا کہ رمضان اور امرناتھ یاترا کے درمیان میں آنے کی وجہ سے الیکشن کمیشن اسمبلی انتخابات کرانے میں ابھی اہل نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس سال کے اختتام تک الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کئی دہائیوں سے ان مہینوں میں الیکشن نہیں ہوا ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ چھ ماہ کے لئے صدر راج کو منظوری دی جائے۔
ایوان میں اپنی بات شروع کرنے سے پہلے وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ آج اس ایوان کے سامنے میں دو تجاویز لے کر حاضر ہوا ہوں۔ ایک جموں وکشمیر میں جو صدر راج چل رہا ہے، اس کی مدت میں توسیع کی جائے اور دوسرا جموں و کشمیر کے آئین کے سیکشن 5 اور 9 کے تحت جو ریزرویشن کا التزام ہے اس میں بھی ترمیم کرکے کچھ اور علاقوں کو جوڑا جائے۔
