حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( راست ) : سکریٹری تلنگانہ کانگریس کمیٹی سید یوسف ہاشمی نے دہلی فسادات کو روکنے میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی ناکامی پر انہیں استعفیٰ دینے کانگریس پارٹی کے مطالبہ کو حق بجانب قرار دیا اور کہا کہ دہلی فسادات کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ دہلی میں موجود تھے اس کے باوجود آر ایس ایس کے غنڈوں نے کئی مکانات ، دکانات اور مساجد کو آگ لگاکر تباہ کردیا ۔ فائرنگ اور حملوں میں 50 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے ۔ اس کے باوجود وزیر داخلہ امیت شاہ کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ انہیں ایک منٹ بھی اپنے عہدہ پر برقرار رہنے کا اخلاقی حق نہیں ہے ۔ سید یوسف ہاشمی نے سوال کیا کہ کیا اسی دن کے لیے مہاتما گاندھی ، پنڈت جواہر لعل نہرو ، مولانا ابوالکلام آزاد نے اپنی قربانیوں کے ذریعہ اس ملک کو آزاد کرایا تھا ؟ کانگریسی قائد نے کہا کہ بی جے پی کو چاہئے کہ وہ دہلی فسادات پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے اس کو زیر بحث لائے اور اس کا جواب دے ۔ یوسف ہاشمی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہلی کے تشدد اور فسادات کی سپریم کورٹ جج کے ذریعہ تحقیقات کروائے ۔۔