وزیر داخلہ محمد محمود علی نے یتیم طلبہ کے ساتھ سالگرہ سادگی سے منائی

   


طلبہ کو سخت محنت سے پڑھائی کرنے کا مشورہ ، انجمن کے احاطہ میں پودا بھی لگایا
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اپنی سالگرہ بڑی سادگی سے منائی اور اس موقع پر عنبر پیٹ میں واقع انجمن خادم المسلمین میں یتیم بچوں کے ساتھ وقت گذارا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آج انہیں معصوم یتیم بچوں کے ساتھ وقت گذارتے ہوئے دلی خوشی ہوئی ہے ۔ محمد محمود علی نے یتیم بچوں سے دل کھول کر بات چیت کی ۔ ان کے مسائل اور دیگر معمولات کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں سخت محنت و مشقت سے پڑھتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔ وزیر داخلہ نے بچوں سے کہا کہ اگر ان کی تعلیم میں کوئی مسائل یا دشواریاں پیش آرہی ہیں تو اس مسئلہ پر اساتذہ سے تبادلہ خیال کریں ۔ اپنے شکوک و شبہات کو دل میں چھپا کر نہ رکھیں ۔ زندگی میں ترقی کرنے کے لیے مستقبل کی حکمت عملی تیار کریں اور طئے کردہ مقصد کے حصول کے لیے پوری ایمانداری اور دیانتداری سے جدوجہد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ محنت کبھی بھی ضائع نہیں ہوتی بلکہ ایک نا ایک دن رنگ لاتی ہے ۔ انجمن خادم المسلمین کے طلبہ نے وزیر داخلہ کو باری باری سے سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ۔ انجمن خادم المسلمین کے کارکن و پارٹی انچارج اپل بدر الدین نے وزیر داخلہ محمد محمود علی کو انجمن کی کارکردگی اور طلبہ کی خوبیوں سے واقف کروایا ۔ طلبہ محنتی ہیں ذہین ہیں مذہب سے کافی قریب ہیں ۔ تعلیم اور کھیل کود کے علاوہ دوسری سرگرمیوں میں بہتر مظاہرہ کرتے ہیں ۔ ان طلبہ پر محنت کی جائے تو وہ تلنگانہ اور ہندوستان کے لیے بہت بڑا اثاثہ بن سکتے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے انجمن کے احاطہ میں ایک پودا بھی لگایا ۔۔