وزیر داخلہ محمد محمود علی کی کامیاب مساعی ، آٹو ڈرائیورس کو راحت

   

خانگی فینانسرس نے مارچ 2021 تک کوئی بھی آٹو ضبط نہ کرنے کا دیا تیقن
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی کی مداخلت پر خانگی فینانسرس نے آئندہ سال مارچ 2021 تک کسی بھی آٹو کو ضبط نہ کرنے کا تیقن دیا ۔ وزیر داخلہ نے آٹو ڈرائیورس کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنے ماہانہ اقساط بھی پابندی سے ادا کریں ۔ واضح رہے کہ 2 نومبر کو حیدرآباد آٹو ڈرائیورس یونین کے نمائندوں نے وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک یادداشت پیش کی تھی جس میں شکایت کی گئی تھی کہ پرائیوٹ فینانسرس بغیر کسی رعایت کے ان کے آٹو رکشاؤں کو ضبط کررہے ہیں ۔ جس سے ان کی روٹی روزی متاثر ہورہی ہے اور ان کے افراد خاندان کی کفالت مشکل ہوگئی ہے ۔ آٹو ڈرائیورس یونین کے ذمہ داروں نے وزیر داخلہ سے درخواست کی تھی کہ اس سلسلے میں پرائیوٹ فینانسرس سے انہیں رعایت مہیا کروائیں ۔ جس پر وزیر داخلہ نے انہیں تیقن دیا تھا کہ وہ اس مسئلہ کو جلد از جلد حل کریں گے ۔ وزیر داخلہ نے وعدے کے مطابق اپنی قیام گاہ پر آج خانگی فینانسرس کا اجلاس طلب کیا جس میں شہر حیدرآباد اطراف و اکناف کے پرائیوٹ فینانسرس نے شرکت کی ۔ ان سے خطاب کرتے ہوئے محمد محمود علی نے کہا کہ کورونا بحران اور پھر لاک ڈاؤن کے باعث ملک و ریاست تلنگانہ کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے جس سے غریب عوام بہت زیادہ پریشان ہوئے ہیں ۔ بالخصوص محنت کش طبقہ کو غیر معمولی نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ہے ۔ لہذا وہ خانگی فینانسرس کو مشورہ دیتے ہیں کہ مصیبت کے موقع پر ہمدردانہ غور کرے ۔ کورونا بحران سے غریب عوام بہت زیادہ پریشان ہے ۔ ایسے حالات میں ہمیں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے ۔ وزیر داخلہ نے خانگی فینانسرس پر زور دیا کہ وہ اپنے قرضہ جات میں سختی کرنے کے بجائے نرمی برتیں اور آئندہ سال مارچ 2021 تک قرض حاصل کرنے والے ڈرائیور کے کسی بھی آٹو کو ضبط نہ کریں ۔ جس پر پرائیوٹ فینانسرس نے اپنی رضا مندی ظاہر کی ۔ محمد محمود علی نے آٹو ڈرائیورس سے بھی اپیل کی کہ وہ اس نرمی کا غلط استعمال نہ کریں ۔ بلکہ اپنے ماہانہ اقساط پابندی سے ادا کرے اور لاک ڈاؤن کے اقساط مارچ 2021 کے بعد ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2021 تک کسی کے آٹو رکشہ کو ضبط نہیں کیا جائے گا وہ آزادانہ طور پر اپنے آٹو رکشہ چلا سکتے ہیں ۔۔