وزیر داخلہ محمود علی نے رہائش گاہ پر نماز عیدالفطر ادا کی

   

پرگتی بھون میں کے ٹی آر سے ملاقات، قیامگاہ پر وزراء اور عہدیداروں کی آمد
حیدرآباد۔/26 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اپنے افراد خاندان کے ساتھ سرکاری رہائش گاہ پر نماز عیدالفطر ادا کی ۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے نماز کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد خصوصی دعا کی گئی۔ وزیر داخلہ نے عالم انسانیت بالخصوص ہندوستان اور تلنگانہ میں امن و امان اور عوام کی صحت و عافیت کی دعا کی۔ انہوں نے انسانیت کو کورونا وباء سے تحفظ اور اس وباء کے خاتمہ کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔ تلنگانہ میں امن وامان، بھائی چارہ ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، چیف منسٹر کی صحت اور درازی عمر کیلئے بھی دعا کی گئی۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ترقی اور بھلائی کی اسکیمات میں دیگر ریاستوں کیلئے مثال بن چکا ہے۔ نماز کے بعد سماجی فاصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے مصافحہ اور معانقہ سے گریز کرتے ہوئے زبانی مبارکباد دی گئی۔ وزیر داخلہ محمود علی اور ان کے پوترے ٹی آر ایس لیڈر محمد فرقان احمد نے کیمپ آفس پہنچ کر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی۔ کے ٹی آر نے عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے ایک پودا بطور تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی موجود تھے۔ اسی دوران ریاستی وزراء سرینواس گوڑ اور نرنجن ریڈی کے علاوہ محکمہ پولیس کے عہدیداروں اور ٹی آر ایس قائدین نے وزیر داخلہ کی قیامگاہ منسٹر کوارٹرس پہنچ کر عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ وزیر داخلہ نے شیر خرمہ سے مہمانوں کی تواضع کی۔ محمود علی نے تلنگانہ عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر لاک ڈاؤن کی پابندی کرتے ہوئے گھروں میں نماز کی ادائیگی قابل ستائش ہے۔