امریکہ میں حادثہ میں ہلاک نوجوان کی نعش منتقل کرنے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 25۔جون (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے امریکہ کے شہر کیلیفورنیا میں کار حادثہ میں ہلاک حیدرآبادی نوجوان سید وسیم علی کی نعش کی منتقلی کے سلسلہ میں ضروری کارروائی کرنے کی خواہش کی۔ محمود علی نے وزیر خارجہ کو روانہ کردہ مکتوب میں بتایا کہ حیدرآباد کے ساکن سید غوث علی نے ان سے نمائندگی کرتے ہوئے ان کے فرزند سید وسیم علی کی نعش کی منتقلی کی درخواست کی ہے۔ 23 جون کو کیلیفورنیا کے ساکن سید وسیم علی کا کار حادثہ میں انتقال ہوگیا تھا ۔ وسیم علی کے والد نے بتایا کہ پولیس عہدیداروں نے قلب پر حملہ کے سبب موت کا دعویٰ کیا جبکہ زوکربرگ سین فرانسسکو جنرل ہاسپٹل کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں منتقلی سے قبل ہی موت واسع ہونے کا اعلان کیا ۔ نعش کو سین فرانسسکو میڈیکل اگزامنر منتقل کیا گیا ہے۔ محمود علی نے کہا کہ سید غوث اور ان کا خاندان معاشی طورپر کمزور ہے اور وہ اپنے خرچ پر نعش کو حیدرآباد منتقل نہیں کرسکتے ۔ محمود علی نے متاثرہ خاندان کی معاشی کمزور حالت کے سبب حکومت ہند کے خرچ پر نعش کی منتقلی کی درخواست کی ہے۔ سید وسیم علی کے والد نے تحریری طور پر درخواست دی ہے جسے وزیر خارجہ کے پاس روانہ کردیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے فون پر وزیر خارجہ جئے شنکر کے دفتر فون کیا اور آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی سے بات چیت کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کرایا۔