وزیر داخلہ محمود علی کے خلاف الیکشن کمیشن سے کانگریس کی نمائندگی

   

حیدرآباد ۔ 8۔ اپریل (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر رجت کمار کو شکایت کی ہے کہ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اپنی قیامگاہ پر ٹی آر ایس پارٹی کی تائید کیلئے ائمہ اور علماء کا اجلاس طلب کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے ۔ پردیش کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے اس سلسلہ میں ڈاکٹر رجت کمار کو تصاویر اور ویڈیو کلپنگ بطور ثبوت پیش کئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے مذہبی شخصیتوں کا جو اجلاس طلب کیا ، وہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے کیونکہ مذہبی بنیادوں پر انتخابات میں تائید حاصل نہیں کی جاسکتی۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق مذہب کی بنیاد پر ووٹ طلب کرنے کی اجازت نہیں اور وزیر داخلہ کا یہ اقدام ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر سے اس سلسلہ میں فوری کارروائی کی خواہش کی گئی۔