وزیر داخلہ محمود علی کے خلاف ایس آر نگر پولیس اسٹیشن میں کانگریس کی شکایت

   

حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے وزیر داخلہ محمد محمود علی کے خلاف ایس آر نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر وی جڈسن نے تحریری طور پر شکایت حوالے کی جس میں وزیر داخلہ کی جانب سے کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب کے موقع پر گن مین کو طمانچہ رسید کرنے پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ گلدستہ فوری طور پر پیش نہ کرنے پر وزیر داخلہ غصہ سے بے قابو ہوگئے اور ان کی اس حرکت سے ڈیوٹی پر موجود دیگر پولیس عہدیدار ششدر رہ گئے۔ انہوں نے محمود علی کے خلاف سرکاری ڈیوٹی انجام دینے والے عہدیدار پر حملہ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس قائدین کی شکایت کو پولیس نے قبول کرلیا تاہم ایف آئی آر درج کرنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اسی دوران رکن اسمبلی سیتکا نے وزیرداخلہ کے رویہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کو اپنے گن مین سے فوری معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی عملہ نہ صرف عوامی نمائندوں بلکہ ان کے افراد خاندان کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ پولیس کی خدمات کا احترام کرنے کے بجائے ان پر دست درازی کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے اس معاملہ میں چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کارروائی کی مانگ کی۔