وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا : پاک مقبوضہ کشمیر کے وجود کو تسلیم نہیں کرتا ہندوستان

,

   

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بدھ کو کہا کہ ہندوستان پاکستان کے قبضے والے کشمیر کے وجود کو تسلیم نہیں کرتا ہے ۔ اس بات کا ثبوت یہ ہے کہ اس نے جموں و کشمیر کی اسمبلی میں پی او کے کیلئے 24 سیٹیں خالی رکھی ہوئی ہیں ۔ راجناتھ نے یہ بھی کہا کہ ہم ذات اور مذہب کی سیاست نہیں کرتے ، ہمارے لئے انسانیت سب سے اوپر ہے ۔

بدھ کو جے پور کے نزدیک دھانکیہ میں پنڈت دین دیال اپادھیائے جینتی کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر پاکستان کے وجود کو ہم تسلیم کرتے ہیں تو یہ نہیں مان لیا جانا چاہئے کہ پی او کے کے وجود کو بھی ہم تسلیم کرتے ہیں ۔ ہم اس کے وجود کو تسلیم نہیں کرتے ، کیونکہ پاکستان نے اس پر زبردستی قبضہ کررکھا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس کے وجود کو تسلیم نہیں کرتے ہیں اور اس لئے جموں و کشمیر اسبملی میں آج بھی پی او کے کیلئے 24 سیٹیں خالی رکھی گئی ہیں ۔

راجناتھ سنگھ نے خبردار کیا کہ پاکستان 1971 کی غلطی کا اعادہ نہ کرے ۔ اس جنگ میں پاکستان کے دو ٹکڑے ہوگئے اور بنگلہ دیش کی شکل میں نیا ملک سامنے آیا ۔ انہوں نے کہا : میں نے کہا کہ 71 کی غلطی مت دوہرانا ورنہ پی او کے کا کیا ہوگا ، اچھی طرح سمجھ لینا ۔ راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ ہم ذات اور مذہب کی بنیاد پر سیاست نہیں کرتے ہیں ۔ ہم سیاست کرتے ہیں تو انصاف اور انسانیت کی بنیاد پر ۔

بالا کوٹ فضائی حملہ کا تذکرہ کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان نے کبھی پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج نہیں کیا ہے ۔ سی آر پی ایف جوانوں پر حملے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دہشت گردوں نے آکر ہمارے سی آر پی ایف کے جوانوں کا قتل کیا تھا تو دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرنا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان پر حملہ نہیں کیا ، بالا کوٹ میں صرف وہیں پر حملہ کیا جہاں دہشت گردوں کو ٹریننگ دی جاتی تھی ۔