جموں، 24 اگست (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اتوار کو جموں پہنچے جہاں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہوائی اڈہ پر ان کا استقبال کیا۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ وزیر دفاع ہوائی اڈہ سے سیدھے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں پہنچے جہاں انہوں نے چسوتی میں بادل پھٹنے سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیر دفاع کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں آئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کریں گے ۔ قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ وزیردفاع آج یہاں آ رہے ہیں اگر موسمی صورتحال ٹھیک رہی تو چسوتی جائیں گے اگر خراب رہے تو جموں میں ہی صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایم سی جموں میں 16 افراد زیر علاج ہیں جن کی حالت مستحکم ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعہ میں ابھی 32 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے ۔