وزیر دفاع پر پارلیمنٹ میں دروغ گوئی کا الزام، استعفیٰ کا مطالبہ

,

   

صدر کانگریس راہول گاندھی کا ایچ اے ایل کے بارے میں بیان پرردعمل، سیتارامن کی تردید

نئی دہلی 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے ہفتے کے دن مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتارامن پر پارلیمنٹ میں دروغ گوئی کا الزام عائد کیاکہ حکومت نے ایک لاکھ کروڑ روپئے مالیہ ایچ اے ایل کو فراہم کیا ہے۔ اُنھوں نے مطالبہ کیاکہ یا تو سیتارامن ایوان میں متعلقہ دستاویزات پیش کریں یا اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔ راہول گاندھی کی تنقید ایک ذرائع ابلاغ کی خبر پر بطور ردعمل سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ سیتارامن کے بموجب ایک لاکھ کروڑ روپئے مالیہ ایچ اے ایل کو فراہم کیا گیا۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ایک بھی حکمنامہ اِس دعوے کی دلیل کے طور پر موجود نہیں ہے جس پر اُنھوں نے اب تک دستخط کئے ہوں۔ ذرائع ابلاغ کی خبر میں ایچ اے ایل کے انتظامیہ کے سینئر عہدیدار کے حوالے سے یہ خبر شائع کی گئی ہے۔ وزیر دفاع سیتارامن نے راہول گاندھی پر اُن کے تبصرے کی بناء پر جوابی ضرب لگاتے ہوئے کہاکہ مکمل خبر پڑھیں جس کا آپ حوالہ دے رہے ہیں۔ تاہم لوک سبھا کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ سیتارامن نے دعویٰ نہیں کیاکہ کسی حکمنامہ پر اُنھوں نے دستخط کئے ہیں۔ اُنھوں نے صرف یہ کہا تھا کہ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے بموجب پارلیمنٹ میں حکمنامے پر دستخط ہوچکے ہیں۔