نئی دہلی، 20 اکتوبر (یواین آئی) مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے پیر کو ریلوے بورڈ وار روم کا دورہ کیا اور تہوار کے موسم میں ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے چوبیس گھنٹے کام کرنے والے ریلوے ملازمین کی ستائش کرتے ہوئے انہیں دیوالی کی مبارکباد دی۔ دیوالی کے تہوار کے موسم کے دوران سفری مانگ کو پورا کرنے کیلئے ریلوے نے 1 سے 19 اکتوبر کے درمیان 3,960 خصوصی ٹرینیں چلائی۔ ان خصوصی ٹرینوں میں ایک کروڑ سے زیادہ مسافروں نے سفر کیا۔ ریلوے نے چھٹھ تہوار کے پیش نظر 8,051 اضافی خصوصی ٹرینیں بھی شامل کی ہیں۔ ریلوے نے جاری تہوار کے موسم میں مسافروں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کیلئے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ دیوالی اور چھٹھ کے دوران ہموار سفر کیلئے ریلوے 12,011 خصوصی ٹرینیں چلا رہا ہے ، جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران چلائی گئی 7,724 ٹرینوں سے نمایاں اضافہ ہے ۔