وزیر زراعت نرنجن ریڈی سے کانگریس قائدین کی ملاقات

   

فصلوں کے نقصانات پر معاوضہ کا مطالبہ

حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس قائدین وی ہنمنت راؤ، رکن اسمبلی جگا ریڈی، کسان کانگریس کے قومی نائب صدر ایم کودنڈا ریڈی اور سابق ایم ایل سی راملو نائیک نے آج وزیر زراعت نرنجن ریڈی سے منسٹر کوارٹرس میں ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ انہوں نے وزیر زراعت کو یادداشت پیش کرتے ہوئے گزشتہ دنوں موسلا دھاربارش اور ژالہ باری کے نتیجہ میں فصلوںکو بھاری نقصانات سے متاثرہ کسانوں کو معاوضہ کا مطالبہ کیا۔ کانگریس قائدین نے کہاکہ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں ہزاروں ایکر اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔ وزیرزراعت سے خواہش کی گئی کہ وہ متاثرہ اضلاع کا دورہ کریں۔ کسانوں کو معاوضہ کے طور پر فی ایکر 12 ہزار روپئے برائے دھان اور دیگر فصلوں کیلئے فی ایکر 35 ہزار روپئے ادا کرنے کی مانگ کی گئی۔ آم کی تباہ شدہ فصل کیلئے فی ایکر 50 ہزار روپئے ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ جن کسانوں کی فصلیں مکمل تباہ ہوچکی ہیں انہیں 5 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کیا جائے۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس قائدین متاثرہ اضلاع کا دورہ کریں گے۔ر