وزیر زراعت کے ضلع میں 75 لاکھ کی وقف بورڈ گرانٹ اِن ایڈ

,

   

صدر نشین محمد سلیم نے ونپرتی کیلئے دوسری قسط 48 لاکھ کا چیک حوالے کیا
حیدرآباد۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے ضلع ونپرتی کی چار اوقافی جائیدادوں کی تعمیر و مرمت کے سلسلہ میں وقف بورڈ سے 75 لاکھ روپئے کی گرانٹ ان ایڈ حاصل کی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج 75 لاکھ کی دوسری قسط کے طور پر 48 لاکھ کا چیک حوالے کیا۔ ریاستی وزیر وقف بورڈ کے دفتر پہنچے اور صدرنشین محمد سلیم سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں اوقافی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے چار اوقافی جائیدادوں کے لیے گرانٹ ان ایڈ منظور کروائی جس میں پہلے مرحلہ میں 27 لاکھ روپئے جاری کئے گئے تھے۔ درگاہ حضرت بدرالدین صاحب گھن پور منڈل میں کامن ہال کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپئے منظور کئے گئے اس کے علاوہ جامع مسجد کنگل موضع کی تعمیر کیلئے 17 لاکھ روپئے گرانٹ ان ایڈ کے طور پر جاری کئے گئے۔ دوسرے مرحلہ میں 48 لاکھ روپئے کے تحت جو کام انجام دیئے جائیں گے ان میں درگاہ حضرت بدرالدین صاحب گھن پور کی کمپائونڈ وال کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپئے جبکہ ونپرتی ٹائون میں عیدگاہ کی تعمیر کے لیے 38 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ یہ چیک ضلع کلکٹر کے نام جاری کیا گیا اور کلکٹر کی نگرانی میں تعمیراتی کاموں کی تکمیل کی جائے گی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے وزیر زراعت کو بورڈ کی کارکردگی سے واقف کرایا۔