محبوب نگر بی آر ایس قائدین کانگریس میں شامل : ریونت ریڈی
حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے محبوب نگر اسمبلی حلقہ کے بی آر ایس قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار کے ہمراہ ریونت ریڈی سے ملاقات کرنے والوں میں محبوب نگر کی سابق میونسپل چیرپرسن رادھا امر، سابق مارکیٹنگ کمیٹی چیرمین امریندر راجو، کونسلر رما دیوی و دیگر شامل ہیں۔ ریونت ریڈی نے پارٹی کا کھنڈوا پہنا کر استقبال کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے وزیر سرینواس گوڑ اراضیات پر قبضوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے سرکاری اراضیات و وقف اراضی کو بھی نہیں بخشا ۔ قیمتی وقف اراضیات پر وزیر اکسائیز سرینواس گوڑ کے قبضہ کے باوجود چیف منسٹر نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر گوڑ کی شناخت اراضیات پر قبضہ دار کے طور پر ہوچکی ہے۔ ضلع کی ترقی صرف کانگریس دور میں ہوئی تھی۔ گذشتہ 9 برسوں میں کے سی آر حکومت نے علاقہ کو نظرانداز کردیا۔ تلنگانہ تحریک میں کے سی آر محبوب نگر کے رکن پارلیمنٹ رہے لیکن انہوں نے کامیابی کے بعد عوام سے وعدوں کو فراموش کردیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد ضلع میں پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کی تکمیل ہوگی۔ ضلع کی 14 اسمبلی نشستوں پر کانگریس کامیابی حاصل کرے گی۔
