وزیر صحت دامودر راج نرسمہا عثمانیہ ہاسپٹل پہنچ گئے

   

زخمیوں کے علاج کی نگرانی، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات، محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایات
حیدرآباد۔ 18 مئی (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودرراج نرسمہا نے پرانے شہر میں آتشزدگی واقعہ کی اطلاع پر عثمانیہ ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کو موثر علاج کی راست نگرانی کی۔ وزیر صحت نے اعلیٰ عہدیداروں کو طلب کیا اور ان تمام ہاسپٹلس میں علاج کا شخصی طور پر جائزہ لینے کی ہدایت دی جہاں زخمیوں کو شریک کیا گیا ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ انہوں نے مہلوکین اور زخمیوں کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور انہیں حکومت سے ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔ وزیر صحت نے کہا کہ زخمیوں کی جان بچانے ڈاکٹرس کو موثر علاج کی ہدایت دی گئی ۔ محکمہ صحت کے عہدیدار ہاسپٹل میں موجود رہینگے۔ دامودر نرسمہا نے حکام سے کہا کہ مہلوکین کے پوسٹ مارٹم کو جلد مکمل کیا جائے۔ حکام سے کہا گیا کہ وہ نعشوں کی جلد حوالگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہاسپٹل انتظامیہ سے بات کی۔ وزیر صحت نے سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس میں زیر علاج مریضوں کی حالت دریافت کی ۔ میڈیا سے بات کرکے وزیر صحت نے کہا کہ پولیس اور فائر محکمہ سے حادثہ کی وجوہات کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کو روکا جائے۔ انہوں نے ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت دی جو زخمی افراد کی صحت پر نظر رکھیں گی۔ انہوں نے خواتین اور کمسن بچوں کی موت پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ صبح کی اولین ساعتوں میں مکینوں کو باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا جس کے نتیجہ میں یہ اموات ہوئی ہیں۔ وزیر صحت نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو زخمیوں کے علاج کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ 1