امدادی کاموں کا جائزہ، یوم اساتذہ تقریب میں شرکت
حیدرآباد ۔5۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے آج سنگا ریڈی ضلع کے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ دامودر راج نرسمہا نے سنگور ڈیم سے پانی کے اخراج کا معائنہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈیم کی پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جائیں۔ وزیر صحت نے ڈیم کے چوتھے اور چھٹویں گیٹ کو کھولنے کا فریضہ انجام دیا جس کے تحت فاضل پانی کے اخراج کا منصوبہ ہے۔ دامودر راج نرسمہا نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ امدادی کاموں میں کوئی تساہل نہ کریں۔ پراجکٹ کے اطراف کے علاقوں میں چوکسی کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی خود بھی سیلاب کے امدادی کاموں کی شخصی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ حکومت پر تنقید کے بجائے امدادی کاموں میں تعاون کریں۔ دامودر راج نرسمہا نے یوم اساتذہ تقریب میں حصہ لیا اور اساتذہ کو تہنیت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری اسکولوں میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت نے اس سلسلہ میں اضافی فنڈس جاری کئے۔ دامودر راج نرسمہا نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کی کوششوں میں تعاون کریں۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبہ جات کیلئے اضافی بجٹ مختص کیا ہے ۔ 1