وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے ورلڈ فارماسسٹ ڈے تقریب میں شرکت کی،میگا بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح

   

حیدرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے ورلڈ فارماسسٹ ڈے کے موقع پر سلطان العلوم کالج آف فارمیسی میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کیا۔ ریڈ کراس سوسائٹی کے اشتراک سے میگا بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا گیا۔ دامودھر راج نرسمہا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طب کے شعبہ میں فارماسسٹ کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ میں فارماسسٹ کا اہم رول ہے۔ دنیا بھر میں روزافزوں نت نئی بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے ایسے میں امراض کی تشخیص میں فارماسسٹ اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ فارمیسی کے شعبہ میں نئی تخلیقات اور تجربات سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ وزیر صحت نے خون کے عطیہ کے بارے میں شعور بیداری کا مشورہ دیا اور کہا کہ بلڈ ڈونیشن کے ذریعہ دوسرے انسانوں کی جان بچائی جاسکتی ہے۔ وزیر صحت نے ریڈ کراس سوسائٹی کی سرگرمیوں کی ستائش کی۔ تقریب میں سلطان العلوم سوسائٹی کے صدرنشین ولی اللہ خاں، سکریٹری ظفر جاوید، فارمیسی کالج کی پرنسپل انوپما کونیرو، ریڈ کراس سوسائٹی کے صدرنشین اجئے مشرا ریٹائرڈ آئی اے ایس اور دوسرے موجود تھے۔1