سابق رکن پارلیمنٹ وشویشور ریڈی کا سوال
حیدرآباد۔ سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی نے سوال کیا کہ تلنگانہ کے وزیر صحت کون ہیں؟ ای راجندر یا کے ٹی آر؟ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ کورونا وائرس پر عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے شہر اور مضافاتی علاقوں میں حکومت کی جانب سے جو ہورڈنگس لگائے ہیں ان پر وزیر صحت ای راجندر کے بجائے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو کی تصویر شامل کی گئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کورونا کا مسئلہ محکمہ صحت سے متعلق ہے جس کے وزیر ای راجندر ہیں لیکن سرکاری خرچ پر کورونا شعور بیداری ہورڈنگس میں راجندر کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر دراصل ہر معاملے میں اپنے فرزند کے ٹی آر کو عوام کے درمیان پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کورونا سے نمٹنے میں کے سی آر حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ اس معاملے میں وزیر صحت راجندر کو جو فیصلہ کرنا چاہئے وہ فیصلے کے ٹی آر اور کے سی آر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے امور پر ای راجندر سے زیادہ کے ٹی آر اور کے سی آر اظہار خیال کررہے ہیں۔ وشویشور ریڈی نے ریاست میں ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کورونا کیسس پر قابو پانے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔