سدی پیٹ ، میدک اور دیگر علاقوں کے ریلوے پراجکٹس پر بات چیت، نئے علاقوں کو ریلوے سے مربوط کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔7۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین سے ملاقات کی اور سابق میدک ضلع کے علاقوں میں نئے ریلوے پراجکٹس پر تبادلہ خیال کیا۔ رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی کے ہمراہ اس ملاقات میں جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے مختلف ترقیاتی اور توسیعی منصوبہ سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں ریلوے لائین کے توسیعی کاموں کے تحت وزارت ریلوے نے 15 نئی لائنوں کے سروے کو منظوری دی ہے ۔ اس پراجکٹ پر 5706 کروڑ خرچ ہوں گے ۔ نرمل ، آرمور ، بودھن ، بانسواڑہ اور سنگا ریڈی کے کئی اہم علاقوں کو ریلوے سے مربوط کیا جائے گا۔ جنرل مینجر کے مطابق ڈبلنگ کے کاموں کیلئے 11 پراجکٹس کی منظوری دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2647 کیلو میٹر نئی ریلوے لائین بچھانے کیلئے 50848 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ وزارت ریلویز نے عادل آباد ضلع میں 317 کیلو میٹر ریلوے لائین کیلئے 5706 کروڑ کے پراجکٹ کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی تلنگانہ میں کئی اہم ٹاؤنس کو ریلوے سے مربوط کیا جائے گا جن میں نرمل ، پالکنڈہ ، آرمور ، بودھن ، ردرور، نصر اللہ باد ، بانسواڑہ ، نظام ساگر ، سنگا ریڈی اور پٹن چیرو شامل ہیں۔ ان تمام شہروں کو دارالحکومت حیدرآباد سے مربوط کیا جائے گا ۔ نئی ریلوے لائین کی منظوری سے عوام کو حمل و نقل کی بہتر سہولتیں فراہم ہوگی۔ زراعت ، تجارت ، سیاحت ، ہیلت کیر اور تعلیم کے شعبہ جات سے وابستہ افراد کو نئی سہولتوں سے استفادہ کا موقع ملے گا۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے وقار آباد ، سنگا ریڈی ، میدک ، سدی پیٹ ، گجویل ، یادادری ، بھونگیر ، شادنگر ، نارائن پور ، چٹیال اور دیگر علاقوں کو ریلوے سے مربوط کرنے کیلئے 12408 کروڑ کے پراجکٹ کو منظوری دی ہے ۔ وزارت ریلوے نے گزشتہ 9 برسوں میں تلنگانہ میں کئی نئے پراجکٹس کو منظوری دی ہے۔