پارٹی ٹکٹ کیلئے بھاری رقومات کا حصول، آڈیو کلیپنگ بطور ثبوت پیش
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی اور ان کے دو رشتہ داروں کے خلاف نامپلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان ایس رام موہن ریڈی نے پولیس میں شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ملا ریڈی اور ان کے دو رشتہ داروں ایم راج شیکھر ریڈی اور سنجیو ریڈی نے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس ٹکٹ کیلئے بھاری رقومات کا مطالبہ کیا۔ شکایت میں کہا گیا کہ میڑچل اور بوڈ اپل حلقوں میں پارٹی ٹکٹ کیلئے خواہشمندوں سے بھاری رقومات کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ملا ریڈی کی آواز میں موجود آڈیو کلپ کو بطور ثبوت پیش کیا گیا جس میں ٹی آر ایس کے درخواست گزار ریاستی وزیر پر رقومات طلب کرنے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ ہر امیدوار سے 40 لاکھ تا ایک کروڑ روپئے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس طرح کا مطالبہ غیر قانونی اور غیر جمہوری ہے ۔ لہذا ریاستی وزیر اور ان کے رشتہ داروں کے خلاف دھوکہ دہی ، اعتماد شکنی اور جمہوری عمل میں مداخلت پر انسداد کرپشن قانون کے تحت مقدمہ درج کیا جانا چاہئے ۔ پولیس سے درخواست کی گئی کہ وہ اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے خاطیو ںکو حراست میں لے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رام موہن ریڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس معاملہ میں فوری مداخلت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سے پاک نظم و نسق کا دعویٰ کرنے والے کے سی آر ملا ریڈی کے معاملہ میں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین کھلے عام اس بات کا اظہار کر رہے ہیں کہ ان سے ٹکٹ کے لئے رقم کا مطالبہ کیا گیا ۔