وزیر لیبر ملا ریڈی کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج کیا جائے

   

کانگریس ترجمان شراون کا مطالبہ، ٹکٹوں کی تقسیم میں بھاری رقومات کا حصول
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون نے وزیر لیبر ملا ریڈی کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی ٹکٹ کے خواہشمندوں سے ملا ریڈی نے کروڑ روپئے حاصل کئے ہیں ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر شراون نے کابینہ سے ملا ریڈی کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوشیل میڈیا میں ملا ریڈی اور ٹی آر ایس قائد کے درمیان گفتگو کے وائرل آڈیو کا حوالہ دیا جس میں ٹی آر ایس قائد کو کہتے سنا گیا کہ ان کے پاس ملا ریڈی کی جانب سے رقومات حاصل کرنے کا ثبوت موجود ہے۔ ملا ریڈی اور ان کے قریبی رشتہ داروں نے ٹی آر ایس پارٹی ٹکٹ کیلئے بھاری رقومات کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائد راج شیکھر ریڈی کے داماد اور ملا ریڈی کے درمیان فون پر ہوئی بات چیت کا آڈیو وائر ہوچکا ہے جس میں بلدی انتخابات کے ٹکٹ کیلئے لاکھوں روپئے ادا کرنے کی مانگ کی گئی ۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ کیلئے رقومات کا مطالبہ کرپشن کے تحت آتا ہے ، لہذا وزیر لیبر اور ان کے رشتہ داروں کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو کو مقدمہ درج کرنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹکٹ کے بعض خواہشمندوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر لیبر کی جانب سے رقومات طلب کرنے کا انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن بیورو جب سرکاری ملازمین کو رقومات حاصل کرنے پر گرفتارکرسکتا ہے تو وہ اسی طرح کے معاملہ میں خاموش کیوں ہیں۔ شراون نے کہا کہ ریاستی وزیر کے کرپشن کے معاملہ میں اے سی بی کی خاموشی افسوسناک ہے۔ ملا ریڈی کی بے قاعدگیوں کے خلاف اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جانی چاہئے ۔ کے سی آر نے بارہا اعلان کیا تھا کہ وہ کرپشن میں ملوث کسی شخص کو نہیں چھوڑیں گے۔ اب جبکہ وزیر لیبر کے کرپشن کا معاملہ منظر عام پر آچکا ہے ، لہذا چیف منسٹر کو فوری کارروائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کے سی آر کی خاموشی پر سوال اٹھائے اور کہا کہ کیا چیف منسٹر ان سرگرمیوں سے واقف تھے؟ ڈاکٹر شراون نے ورنگل میں رائے دہندوں کو دھمکانے پر ریاستی وزیر دیاکر راو کے خلاف کارروائی کرنے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا۔