حیدرآباد ۔13۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے گاندھی بھون میں عوامی سماعت پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے عوامی مسائل کی سماعت کی ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ہفتہ میں دو دن ریاستی وزراء کی گاندھی بھون میں عوامی سماعت میں شرکت کا شیڈول تیار کیا ہے ۔ کئی ریاستی وزراء اس پروگرام میں شرکت کرچکے ہیں۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے آج تقریباً تین گھنٹوں تک عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کی سماعت کی۔ سرینواس ریڈی کو تقریباً 300 تحریری درخواستیں پیش کی گئیں۔ سرینواس ریڈی نے تقریباً 150 درخواستوں کے سلسلہ میں اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے ان کی یکسوئی کردی۔ انہوں نے بعض ضلع کلکٹرس سے ربط قائم کیا اور اندراماں انڈلو ، راشن کارڈ، پنشن اور دیگر امور پر توجہ دلائی ۔ انہوں نے 10 اضلاع کے ضلع کلکٹرس سے فون پر بات چیت کی ۔ مختلف محکمہ جات سے متعلق درخواستوں کو اعلیٰ عہدیداروں سے رجوع کرنے کا تیقن دیا۔ وزیر مال نے ہر درخواست گزار کی اطمینان بخش سماعت کی اور ان کی درخواستوں کو قبول کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ 1