کھمم تا ورنگل ریلوے لائن میں بعض تبدیلیوں کی سفارش
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیرمال پی سرینواس ریڈی نے آج جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین سے ملاقات کی اور متحدہ کھمم ضلع میں ریلوے کے مختلف ترقیاتی پراجکٹس کی تکمیل کا جائزہ لیا۔ ریاستی وزیر نے کھمم تا ورنگل ریلوے لائن کے منصوبہ میں تبدیلی کی سفارش کی۔ انہوں نے کہا کہ کھمم اور ورنگل ضلع میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے نئی لائنوں کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس منصوبہ میں عوام کی سہولت کیلئے بعض تبدیلیاں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈورناکل سے کھمم کے کوسومنچی منڈل اور سوریا پیٹ ضلع سے گدوال تک ریلوے لائن کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیرو اسمبلی حلقہ کے چار منڈلوں کو اس پراجکٹ میں شامل کرتے ہوئے عوام اور کسانوں کو سہولت پہنچائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے منصوبہ میں جزوی تبدیلی کی سفارش کی۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ کاکتیہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ماسٹر پلان کے تحت ورنگل شہر میں بائی پاس ریلوے لائن کی تعمیر کی سفارش کی گئی ہے۔ ورنگل شہر کی ترقی کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2050 تک کے منصوبہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ماسٹر پلان تیار کیا گیا ہے۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ریاستی وزیر کی نمائندگی پر ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔1