وزیر وینکٹ ریڈی کے بیان پر کانگریس کے بی سی قائدین کی ناراضگی

   

صدارت کیلئے جگاریڈی کے نام پر تنازعہ، وزیر نے آخرکار موقف کی وضاحت کردی
حیدرآباد۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کے عہدہ پر سنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے سابق رکن اسمبلی جگاریڈی کے تقرر کے حق میں وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے بیان کے بعد پارٹی میں بی سی اور ریڈی طبقات کے درمیان نیا تنازعہ کھڑا ہوچکا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کل اسمبلی لابی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی کو پردیش کانگریس کا صدر بنانے کی تائید کی اور کہا تھا کہ جگاریڈی کی قیادت میں پارٹی 100 اسمبلی نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ ریاستی وزیر کی جگاریڈی کو پارٹی کی صدارت کے لئے تائیدی بیان کے بعد کانگریس میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ مہیش کمار گوڑ کا تعلق پسماندہ طبقات سے ہے لہذا بی سی قائدین کا الزام عائد کہ ریڈی طبقہ کو بی سی قیادت برداشت نہیں ہے۔ پردیش کانگریس کی صدارت پر مہیش کمار گوڑ کی میعاد ابھی باقی ہے ایسے میں وینکٹ ریڈی نے نئے صدر کے نام کی تجویز پیش کرتے ہوئے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین کو ناراض کردیا ہے۔ پارٹی کے کئی بی سی قائدین نے صدارت کے لئے مہیش کمار گوڑ کی تائید کا کھل کر اعلان کیا اور ریاستی وزیر کے بیان کی مذمت کی ہے۔ مائننگ کارپوریشن کے صدر نشین ای انیل نے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وینکٹ ریڈی کا بیان بی سی قائدین کی توہین کے مترادف ہے۔ مرلی نے کہا کہ وزارت کے عہدہ پر فائز شخص کو اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وینکٹ ریڈی سابق میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کو بھی نشانہ بناچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بی سی قائدین نے اس سلسلہ میں پارٹی ہائی کمان سے شکایت کی ہے۔ تنازعہ کی شدت اختیار کرنے کے بعد کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے وضاحت کی کہ ان کا مقصد مہیش کمار گوڑ کی توہین کرنا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں پارٹی نے گرام پنچایت اور بلدی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ جگاریڈی نے دعوت افطار کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا تھا جس پر انہوں نے ریمارک کیا کہ اگر جگا ریڈی پی سی سی صدر ہوتے تو بہتر ہوتا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کے بیان کا مقصد مہیش کمار گوڑ کو عہدہ سے ہٹانا نہیں تھا۔ اسی دوران فشریز کارپوریشن کے صدر نشین ایم سائی کمار اور جنرل سکریٹری پردیش کانگریس ستیم گوڑ نے صدر پردیش کانگریس کی تائید میں بیانات جاری کئے۔ 1