حیدرآباد۔27۔اگسٹ (راست) ریاستی وزیر افزائش مویشیاں، سمکیات، فروغ ڈیری اور سینیماٹو گرافی جناب تلاسانی سرینواس یادو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ریاست کے تمام طبقات کی ترقی کے لیے کام کررہی ہے۔ ہفتہ کے روز سرینواس یادو نے حلقہ اسمبلی کے علاقے صنعت نگر میں بوٹس کلب میں مسلم قبرستان (روضتہ الاصفیاء قبرستان) میں 50 لاکھ روپے کی لاگت سے شروع کئے جانے والے کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر نے یاد دہانی کرائی کہ وہ قبرستان میں مسائل کے حل کے لیے کمیٹی ممبران کی درخواست کے مطابق مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ متعدد بار دورہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعدازاں مسائل کے حل کے لیے بجلی کے نئے کھمبے اور لائٹس پہلے ہی نصب کر دی گئی ہیں اور نل کا کنکشن بھی دے دیا گیا ہیں۔ فرش، شیڈ، اضافی کمرے اور دیگر کاموں کی تعمیر کے لیے 50 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے اور آج سے کام کا آغاز کیا جائیگا۔ اس پروگرام میں سابق کارپوریٹر اٹلی ارونا گوڑ، قبرستان کمیٹی کے ارکان آسیہ روحی بابا، شیخ داؤد، محمد صادق، رحیم اور دیگر نے شرکت کی۔