وزیر پونم پربھاکر نے اقلیتی اقامتی اداروں میں داخلہ کا پوسٹر جاری کیا

   

معیاری تعلیم کیلئے بچوں کو داخلہ دلانے کی عوام سے اپیل
حیدرآباد ۔22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے اقلیتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کا تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تعلیمی اداروں میں داخلہ کرائیں تاکہ معیاری تعلیم حاصل ہو۔ پونم پربھاکر نے تعلیمی سال 2026-27 کے داخلوں سے متعلق پوسٹر حیدرآباد کلکٹریٹ میں جاری کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ مینارٹیز ویلفیر آفیسر حیدرآباد الیاس احمد ، ریجنل کوآرڈینیٹر محمد جواد اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اقامتی اسکول سوسائٹی کے اسکولس اور جونیئر کالجس میں داخلوں کے لئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا ویب سائیٹ جاری کیا گیا۔ اقامتی اسکولس کے پانچویں تا آٹھویں جماعت کی مخلوعہ نشستوں پر بھی داخلے دیئے جائیں گے۔ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں ایس ایس سی نتائج 97 فیصد اور انٹرمیڈیٹ نتائج 88 فیصد ریکارڈ کئے گئے۔ مسابقتی امتحانات میں کوچنگ کی فراہمی سے 38 طلبہ کو آئی آئی ٹی ، 39 طلبہ کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس ، 11 طلبہ کو سی اے اور سی ایم اے نشستیں ، 14 طلبہ لاء سیٹ اور کلیٹ جبکہ 1417 طلبہ کو EAMCET نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ ٹمریز کے تعلیمی اداروں میں مفت رہائش کے علاوہ طلبہ کو درسی کتب ، غذا اور صحت کی سہولتیں حاصل ہیں۔ انگلش اور اردو میڈیم میں تعلیم فراہم کی جاتی ہے ۔ 33 اضلاع میں 205 اسکولس اور جونیئر کالجس موجود ہیں۔ داخلوں کیلئے ویب سائیٹ tgmeristelangana.cgg.gov.in سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔1