ممبئی : ممبئی ایئرپورٹ پر آج ایک بار پھر بم کی دھمکی ملی۔ یہ دھمکی فرانس کے دارالحکومت پیرس سے ممبئی آنے والی وستارا کی پرواز کو ملی جس میں 306 افراد سوار تھے۔ اس دھمکی کے فوراً بعد طیارے کی آمد سے قبل ممبئی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ طیارہ اتوار 2 جون کی صبح ممبئی ایئرپورٹ پر اترا۔ فی الحال اس معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔خبروں کے مطابق آج صبح تقریباً 10 بجے پیرس سے آنے والی وستارا ایئر لائنز کی پرواز میں عملے کے ایک ممبر کو ہاتھ سے لکھا ہوا ایک نوٹ ملا جس میں بم دھماکے کی دھمکی لکھی ہوئی تھی۔ یہ نوٹ وستارا ایئرلائنس نمبر یوکے 024 میں ملی تھی۔ جس وقت یہ دھمکی ملی اس وقت اس فلائٹ میں تقریباً 12 عملہ کے ارکان اور 294 مسافر موجود تھے۔اس تعلق سے وستارا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ 2 جون 2024 کو پیرس سے ممبئی کیلئے پرواز کرنے والی وستارا کی پرواز یوکے 024 میں سوار ہمارے عملے نے سیکورٹی خدشات کا اظہار کیا جس کے بعد ہوائی جہاز کو ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وستارا ایئر لائنز کو جمعہ 31 مئی کو بم کی دھمکی ملی تھی۔ سری نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دہلی سے سری نگر پرواز کرنے والی وستارا کی فلائٹ یوکے 611 کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی تھی جس کے بعد ایئرپورٹ کی پوری انتظامیہ حرکت میں آگئی تھی۔ اس کے بعد پوری فلائٹ کی تلاشی لی گئی لیکن کچھ نہیں ملا۔ اس فلائٹ میں کل 177 مسافر سوار تھے۔ پولیس اس بات کی تحقیق کر رہی ہے کہ طیارے کو اڑانے کی دھمکی والی کال کہاں سے آئی تھی جبکہ کل بھی ایسا ہی ایک واقعہ سامنے آیا تھا، جس میں چنائی سے ممبئی جانے والی انڈیگو کی ہوائی جہاز کو بم کی دھمکی ملنے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ اس دھمکی کے بعد طیارے کو ممبئی ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا تھا۔