حیدرآباد 19 ستمبر ( سیاست نیوز ) جگتیال میونسپل کی صدر نشین بی سراونی آج ایک کنٹے میں گنیش مورتی کا وسرجن کرتے ہوئے حادثاتی طور پر ٹینک میں گرگئیں۔ تاہم چوکس عملہ نے انہیں بچالیا اور باہر لے آئے ۔ میونسپل صدر نشین کچھ دوسرے افراد کے ساتھ چنتا کنٹہ تالاب میں گئیں جو جگتیال ٹاون کے مضافات میں ہے ۔ وہاں وہ گنیش مورتی کا وسرجن کر رہی تھیں۔ جس کرین سے مورتیاں وسرجن کی جا رہی تھیں اس پر مورتی کے ساتھ سراوانی اور کچھ دوسرے بھی بیٹھ گئے ۔ یہ کرین اچانک ہی ایک جانب جھک گیا جس کے نتیجہ میں سراونی اور تین دوسرے پانی میں گر گئے ۔ پانی میں گرتے ہی انہوں نے مورتی کا ایک حصہ تھام لیا تاکہ غرقاب ہونے سے بچ سکیں۔ اس موقع پر چوکس عملہ جو وسرجن کے عمل میں سرگرم تھا حرکت میں آیا اور میونسپل صدر نشین کو اس نے بچالیا اور انہیں باہر لے آیا۔