وسط جولائی سے روزانہ ایک کروڑ ویکسین دینے کا منصوبہ

,

   

آئی سی ایم آر سربراہ ڈاکٹر بلرام کا بیان
تاحال صرف 3.2 فیصد آبادی کی مکمل ویکسینیشن ہو پائی

نئی دہلی : ہندوستان میں وسط جولائی یا اوائل اگسٹ تک ہر روز ایک کروڑ کوویڈ ویکسین دستیاب ہوجائیں گے، آئی سی ایم آر سربراہ ڈاکٹر بلرام بھارگو نے آج یہ بات کہی۔ مرکزی حکومت نے پوری آبادی کو ویکسین دینے کے اپنے معلنہ منصوبے کو دوگنا کردیا ہے اور اب نئے منصوبے کے مطابق سال کے ختم تک لگ بھگ 108 کروڑ لوگوں کا ویکسینیشن مکمل کردیا جائے گا۔ موجودہ مرکزی حکومت کے تحت یہ ایک بڑا منصوبہ ہے جو اب تک کے ٹریک ریکارڈ کے مطابق پورا ہوپانا نہایت مشکل نظر آرہا ہے۔ موجودہ طور پر ہندوستان میں جملہ 21 کروڑ سنگل کوویڈ ڈوز دیئے جاچکے ہیں لیکن دوسرے ڈوز کے ساتھ مکمل ویکسین پانے والے شہریوں کی تعداد غیرمعمولی طور پر گھٹ کر 4.33 کروڑ ہوگئی۔ اس طرح صرف 3.2 فیصد آبادی کا مکمل ویکسینیشن ہوا ہے۔ اِس پس منظر میں سال کے اختتام تک مزید 108 کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا پرجوش منصوبہ لگ بھگ ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ ڈاکٹر بھارگو نے ملک کی بڑی آبادی کی نشاندہی کرتے ہوئے زور دیا کہ شہریوں کو صبر کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ موجودہ مینوفیکچررس نے ویکسین کی تیاری میں تیزی پیدا کردی ہے اور نئی کمپنیاں بھی اِس شعبہ میں آئیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں مستقبل میں ویکسین کی قلت پیدا ہونے کا اندیشہ نہیں ہے۔ ڈاکٹر بھارگو نے یہ بھی کہاکہ کوویڈ ٹسٹ میں اضافہ اور سختی سے قواعد کے نفاذ سے دوسری لہر پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ لیکن صرف ایسے ہی اقدامات پر انحصار کرنا دانشمندی نہیں ہوگی کیوں کہ یہ پائیدار حل نہیں ہے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ ڈسمبر تک سارا ملک ویکسین حاصل کرلے گا۔ یہ وہی وعدوں کا اعادہ ہے جو دو مرکزی وزراء نے کئے۔ اور گزشتہ روز مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ سے یہی بات کہی ہے۔ گزشتہ ماہ مرکز کے ایک سرکردہ مشیر نے کہا تھا کہ ڈسمبر تک زایداز 200 کروڑ کوویڈ دستیاب ہوجانے کا امکان ہے۔