واشنگٹن،30دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) امریکی ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کے وسل بلوور (حقائق سامنے لانے والے ) کا نام منظر عام پر لانے پر وائٹ ہاؤس پر سخت تنقید کے بعد امریکی صدر کو اپنی ہی جماعت کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔عالمی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوکرین کا اسکنڈل عیاں کرنے والے سی آئی اے اہلکار کے نام ظاہر کرنے والی رپورٹ ری- ٹوئٹ کرنے پر ڈونالڈ ٹرمپ کو سخت تنقید کا سامنا ہے ۔ڈونالڈ ٹرمپ کی اس حرکت کو وسل بلوور کو خفیہ رکھنے کی ضمانت دینے کے قانون کی خلاف ورزی سمجھا جارہا ہے ۔ڈونالڈ ٹرمپ کی اپنی پارٹی ریپلکن کے سینیٹر جون کینیڈی نے ‘فاکس نیوز’ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘اگر صدر ٹوئٹ میں تھوڑا تحمل کا اظہار کرتے تو یہ لوگوں کے دماغ پر اثر نہیں ڈالتا تاہم صدر میری تجویز نہیں مانتے اور نہ ہی میں ان سے ایسا کرنے کی امید کرتا ہوں’’۔