وسیم اکرام کا عالمی ریکارڈ توڑکر اسٹارک نمبر ایک بولر بن گئے

   

بریسبین 4 ڈسمبر (ایجنسیز) آسٹریلیائی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے وسیم اکرم کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے گابا میں کھیلے جا رہے پنک بال ٹسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کے بیٹر ہیری بروک کو آؤٹ کرکے یہ کارنامہ انجام دیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ انہوں نے وسیم اکرم سے دو میچ کم کھیلنے کے باوجود پاکستانی سابق فاسٹ بولرکا ریکارڈ توڑ دیا۔ ریکارڈ کا نام سنتے ہی کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں سب سے زیادہ وکٹوں کے اعداد وشمار گشت کرنے لگتے ہیں ، سب سے زیادہ ٹسٹ وکٹیں لینے کا ریکارڈ وسیم اکرم کے پاس ہے۔ وہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولروں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔ پاکستان کے سابق کپتان نے 104 میچوں میں 23.62 کی اوسط سے 414 وکٹیں لے کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا ۔ تاہم مچل اسٹارک اب اکرم کو پیچھے چھوڑکر ٹسٹ کرکٹ میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولروں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔ مچل اسٹارک نے اپنے 102ویں ٹسٹ میچ میں وسیم اکرم کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے ہیری بروک کو اپنی 415 ویں ٹسٹ وکٹ کے طور پر آؤٹ کر کے اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اسٹارک نے 102 میچوں میں 26.51 کی اوسط سے 415 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹارک اور اکرم واحد بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ہیں جنہوں نے ٹسٹ کرکٹ میں 400 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ تیسرے نمبر پر سری لنکا کے چمندا واس ہیں جنہوں نے 111 میچوں میں 355 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے صرف78 ٹسٹ میں 317 وکٹیں حاصل کیں۔ ہندوستان کے ظہیر خان نے 92 ٹسٹ میں 311 وکٹیں حاصل کی ہیں۔مچل اسٹارک نے نہ صرف گابا ٹسٹ میں وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑکر نمبر ایک بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولربننے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ وہ وارن اور میک گرا کے بعد گابا میں کھیلے گئے ٹسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے آسٹریلیائی کھلاڑی بھی بن گئے۔ انہوں نے اس ریکارڈ میں نیتھن لیون کو پیچھے چھوڑ دیا۔مچل اسٹارک گلابی گیند کے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بھی ہیں۔ انہوں نے گلابی گیند کے ٹسٹ میں اکرم کے ریکارڈکو پیچھے چھوڑنے تک 84 وکٹیں حاصل کیں۔